کاروار:22/جولائی (ایس اؤنیوز) لاری پر لاد کر بھینسوں کو لے جانے کے دوران یلاپور پولس نے لاری پر چھاپہ مارتے ہوئے 19 بھینسوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے، جبکہ لاری پر سوار چار لوگوں کو غیر قانونی طور پر جانور لے جانے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پولس نے مصدقہ خبر پر سنیچر کی شام شہر کے جوڑوکیرے قومی شاہراہ پر ہبلی کی طرف سے آتی ہوئی لاری کو روکا اور لاری پر جانور پائے جانے کے بعد اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولس کا کہنا ہے کہ بغیر کسی لائسنس کے غیرقانونی طورپر جانوروں کو لے جایا جارہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ جانورہبلی سے کیرلا کے کاسرگوڈ سپلائی کئے جارہے تھے۔گرفتار شدگان کی شناخت لاری ڈرائیور کیرلا ،کاسرگوڈ کے بی ایم ابوبکر محمد (47) اور لاری پر سوار سنیل کرشنا نائر(35)، شسی سوما (35)، ہاسن تعلقہ کے منجے گوڈا جورےگوڈا(35) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
جانوروں اور لاری کی قیمت اندازاً 9.5لاکھ روپئے بتائی گئی ہے پولس سرکل انسپکٹر منجوناتھ نایک کی قیادت میں انسپکٹر شری دھر ایس آر کی رہنمائی میں یلاپور کی پولس نے کارروائی کرنےکے بعد کیس درج کرلیا ہے۔